ملکہ برطانیہ 96 برس کی عمر میں چل بسیں

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں اسکاٹ لینڈ میں انتقال کرگئیں۔

رائل فیملی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ملکہ برطانیہ کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے, ڈاکٹرز نے گزشتہ دو روز سے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ملکہ کے بیٹے چارلس نئے بادشاہ اور دولت مشترکہ کی 14ریاستوں کےسربراہ ہوں گے جبکہ بکنگھم پیلس کے باہر عوام کی بڑی تعداد موجود ہے اور پرچم بھی سرنگوں کردیا گیا ہے۔

حکومت برطانیہ کی جانب سے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر دس روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور نوٹس رہائشگاہ پر چسپاں کردیا گیا ہے۔
ملکہ کے تابوت کو شاہی ٹرین پر سینٹ پینکراس ریلوے اسٹیشن لندن منتقل کیاجائے گا اور پھر ریلوے اسٹیشن سے تابوت بکنگھم پیلس لایا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات دس روز بعد ویسٹ منسٹرا بے پر ادا کی جائیں گی اور ملکہ کی آخری رسومات کے وقت دو منٹ خاموشی اختیار کی جائے گی اور پھر ملکہ کو کنگ جارج ششم میموریل چیپل ونڈزر میں سپردخاک کیا جائے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملکہ کی آخری رسومات کے روز قومی تعطیل ہوگی۔ملکہ کو سپرد خآک کیے جانے کے دن لندن اسٹاک،بینک اور تمام اہم ادارے بند رہیں گے۔

ملکہ برطانوی مسلح افواج کی کمانڈر انچیف،چرچ آف انگلینڈکی سپریم گورنر تھیں وہ 600سےزیادہ خیراتی اداروں اورتنظیموں کی سرپرست بھی تھیں ان کے دور میں سرونسٹن چرچل سے لے کر لزٹرس تک15 وزرائےاعظم آئے۔

یاد رہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے خاوند شہزادہ فلپ رواں سال اپریل 99 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں