یو این سیکرٹری جنرل کا دورہ این ایف آر سی سی، سیلاب سے نقصانات پر بریفنگ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کا دورہ کیا اس موقع انتونیو گوتریس کو سیلاب سے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، دورہ پاکستان کا مقصد سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے، سیلاب ایک قدرتی آفت ہے جو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آتا ہے، متاثرین کی مدد کے لیے تمام ادارے جو مدد فراہم کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے،موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان متاثر ہورہا ہے۔

نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے بعد متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت، افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہی ہے، سیلاب کے دوران عوام نے مشکلات اور تکالیف کا سامنا کیا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے پاکستان آمد پر شکر گزار ہیں۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم شہبازشریف سے ملاقات کی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا ایوان وزیراعظم آمد پر شہباز شریف نے استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب بھی موجود تھیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل جمعرات اورجمعہ کی شب پاکستان پہنچے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں