قدرتی آفات اور پاکستان سے متعلق سنسنی خیز رپورٹ جاری

ایشیائی ترقیاتی بینک نے قدرتی آفات سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان قدرتی آفات سے متاثر ممالک میں ہائی رسک پر ہے۔
اے آر وائی نیوز کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی موصول ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہی زلزلے سے زیادہ ہے، یہاں ہر سال قدرتی آفات سے 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قدرتی آفات کی تباہی سے پاکستان میں غربت بڑھتی ہے، سیلاب نے فصلیں، گھر اور سامان سب تباہ کردیا ہے اور پسماندہ اضلاع کو مزید پسماندہ کردیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پاکستان میں سیلاب اور زلزلے کے باعث سب سے زیادہ لوگ غربت کا شکار ہیں، بلوچستان، کے پی اور سندھ کے لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ملک میں فصلوں کی انشورنس بہت محدود ہے اور صرف 2 لاکھ 27 ہزار کسانوں کی فصل انشورڈ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب اور زلزلوں سے بچاؤ کیلئے کیے گئے اقدامات نا کافی ہیں، اس سے بچاؤ کیلئے ڈیزاسٹر رسک فنانس اپروچ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں