7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 163 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔لیام ڈاؤسن اور ہیری بروک 34،34 رنز بناکر نمایاں رہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کےکپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں،حیدر علی اور شاہنواز دھانی کی جگہ آصف علی اور وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا جبکہ انگلش ٹیم نے بھی 3 تبدیلیاں کیں۔
انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا آغاز کافی اچھا رہا، دونوں اوپنرز کے درمیان 97 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر کپتان بابر اعظم 28 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان شان مسعود کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 21 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ صرف 2 رنز بناسکے۔
اس دوران رضوان نے شاندار بیٹنگ کی اور 67 گیندوں پر 88 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں آصف علی کے 2 چھکوں کی بدولت قومی ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 166 رنز بنائے۔آصف علی 3 گیندوں پر 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹوپلے نے 2 ، ڈاؤسن اور ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کی اننگز
پاکستان کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز بالکل اچھا نہ رہا،14 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔فل سالٹ 8، ایلکس ہیلز5 اور ول جیک صفر پر آؤٹ ہوئے۔
انگلش ٹیم کو چوتھا نقصان بین ڈکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 33 رنز بناکرٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اس کے علاوہ کپتان معین علی 29 بناسکے۔
مسلسل وکٹیں گرنے کے دوران ہیری بروک اور لیام ڈاؤسن نے انگلش ٹیم کو جیت کی امید دلوائی لیکن پھربروک 34 رنز اور پھر نئے آنے والے بیٹر ڈیوڈ ولی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ہدف کے تعاقب میں ایک وقت پر انگلش ٹیم جیت کے بالکل قریب پہنچ گئی تھی، انگلینڈ کو 10 گیندوں پر 5 رنز درکار تھے جبکہ 3 وکٹیں اس کے ہاتھوں میں تھیں۔
تاہم پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اگلی 2 گیندوں پرسیٹ بیٹر لیام ڈاؤسن کو کیچ اور اولی اسٹون کو شاندار یارکر پر آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت کے قریب کیا۔
انگلینڈ کوجیت کیلئے آخری اوور میں 4 رنز جبکہ پاکستان کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم 20ویں اوور کی دوسری گیند پر شان مسعود نے ٹوپلے کو رن آؤٹ کرکے پاکستان کو 3 رنز سے کامیابی دلوادی۔
گرین شرٹس کی جانب سے محمد نواز اور حارث رؤف نے3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جیت کے ساتھ سیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم آج اپنا 200 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہی تھی۔قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی ڈبل سنچری مکمل کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔
خیال رہے کہ 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے۔
انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹی ٹوئنٹی 28 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔