وزیراعلیٰ سندھ سے ورلڈ بینک وفد کی ملاقات، 22 ملین ڈالرز سے مختلف اشیا خریدنے پر اتفاق

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہسن کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبائی وزراء، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی، پرنسپل سیکریٹری، متعلقہ سیکریٹریز، ورلڈ بینک کے مختلف شعبہ جات کے ماہرین شریک ہوئے۔

اجلاس میں ایس آر پی پروجیکٹ کے 22 ملین ڈالرز سے ایک لاکھ 10 ہزار ٹینٹ، 3 لاکھ مچھردانیاں، ڈی واٹرنگ پمپس اور کشتیاں خریدنے پر اتفاق ہوا۔ ایس آئی اے پی ای پی پروجیکٹ سے 8.3 ملین کی منظوری دے کر 268 سڑکوں کی مرمت کی جائے گی۔ کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی سے 25 ملین ڈالرز کو سیلاب متاثرین کی بحالی، 1.33 بلین ڈالرز سندھ فلڈ ایمرجنسی پروجیکٹ کے تحت سیلاب سے تباہ گھروں کی تعمیر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ دسمبر 2022ء تک گھروں کی تعمیر کا پلان بنایا جائے، پلان ورلڈ بینک منظور کرے گی اور گھروں کی تعمیر شروع کرینگے۔ مراد علی شاہ نے بندوں کی مضبوطی، منچھر جھیل کی بحالی کے منصوبوں پر بھی بات کی اور کہا کہ ہمیں اگلے مون سون کی تیاری اور اپنی آبپاشی اور ڈرینیج سسٹم کو بھی ٹھیک کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں