کوئی ہمیں ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، بھارتی وزیر کھیل دھمکیوں پر اتر آئے

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے ایشیا کپ 2023 کے لیے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے اعلان کے بعد بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر بھی دھمکیوں پر اتر آئے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے ایشیا کپ 2023 کے لیے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے اعلان پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے گزشتہ روز ایک صحافی سے ورچوئل گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ کہیں منتقل نہیں ہو رہا، بھارت ہی سب کچھ نہیں ہم بھی کچھ ہیں۔
اب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے وزیر برائے کھیل انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کا فیصلہ وزات داخلہ کرے گی، ایشیا کپ کے لیے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے کرنا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی سیکورٹی بڑی اہم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ پاکستان ٹیم آئندہ برس ورلڈ کپ کھیلنے بھارت آئے گی، 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے لیے ہم پاکستانی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں، تمام ٹیمیں جو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرتی ہیں وہ سب مدعو ہیں۔

انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کئی مرتبہ پاکستانی ٹیم نے بھارت کا دورہ کیا اور یہاں کھیلا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ بھارت اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ کوئی اسے ڈکٹیٹ کرے، کسی کے پاس اس کی کوئی وجہ بھی نہیں ہے کہ کوئی ایسا کرے، میں توقع کرتا ہوں کہ سب ٹیمیں آئیں گی اور مقابلہ کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں