کینیا کے صدر نے صحافی ارشد شریف کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ کینیا کے صدر ولیم روٹو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے صحافی ارشد شریف کے واقعے پربات کی اور واقعے کی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا۔
وزیراعظم نے قوم اور میڈیا برادری کی شدید تشویش سے کینیا کے صدر کو آگاہ کیا۔
کینیا کے صدر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہانی کرائی۔
خیال رہے اینکرپرسن ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی میں گولی لگنے سے شہید ہوگئے تھے، واقعہ نیروبی سے دو گھنٹے کے فاصلے پر واقع علاقے میں پیش آیا۔
بعد ازاں کینیا میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ارشد شریف مقامی پولیس کی گولی کا نشانہ بنانے، پولیس نے بھی اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ غلط فہمی کی بنا پر پیش آیا۔