وزیرآباد سے گزرتے ہوئے اللہ ہو چوک کے مقام پر کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔
تحریکی انصاف کے رہنما عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ٹانگ پر گولی لگی ہے، اعجاز چوہدری نے بھی عمران خان کو گولی لگنے کی تصدیق کی ہے۔
فائرنگ کے نتیجے میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید اور احمد چٹھہ زخمی ہوئے ہیں۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ احمد چٹھہ کے پیٹ میں گولی لگی ہے۔
تحریک انصاف کا قافلہ ظفر علی خان چوک کے قریب تھا کہ اچانک کسی نے کنٹینر پر برسٹ مارا جس کے بعد افراتفری مچ گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
فائرنگ کے وقت عمران خان کنٹینر پر موجود تھے تاہم وہ محفوظ ہیں، کنٹینر سے ان کے محفوظ ہونے کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد وہ کنٹینر سے اترکر روانہ ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا نوٹس
آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر کے قریب فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرات سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کی جائے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔