ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل: نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ہدف دے کر پاکستان کو پریشر میں لے کر آئیں۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ابتدا میں نیوزی لینڈ کی جلد وکٹیں گرا کر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے تاکہ میچ جیت کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی کو ممکن بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، ہمارا اس میچ پر فوکس ہے، آخری 3 میچز اچھے کھیلے، اس مومینٹم کو برقرار رکھیں گے، جیت کی وجہ سے بہت زیادہ پُراعتماد ہیں، نیوزی لینڈ کے پاس کوالٹی بولرز اور بیٹرز ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، محمد حارث، شان مسود، محمد نواز، افتخاراحمد، وسیم جونئیر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کا اسکواڈ
نیوزی لینڈ ٹیم میں کپتان کین ولیمسن کے علاوہ فن ایلن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 6 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں، جس میں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 مرتبہ شکست دی جبکہ 2 بار فتخ کیویز کے نام رہی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں