لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق لکی مروت میں ہفتہ وار میلے میں پولیس موبائل سکیورٹی کے لیے جارہی تھی کہ اس دوران موٹرسائیکل پر سوار دہشتگردوں نے تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں موبائل کا ڈرائیور اور ڈیوٹی انچارج اے ایس آئی بھی شامل ہیں جب کہ شہید ہونے والوں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر علم دین،کانسٹیبل پرویز ،احمد، دل جان، عبداللہ اور محمود کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے لکی مروت حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی سے رپورٹ طلب کرلیا۔
علاوہ ازین وزیراعظم شہباز شریف نے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ، دہشتگرد پاکستان کے دشمن ہیں،پورا ملک انکےخلاف سیسہ پلائی دیوارثابت ہوگا، پولیس نے دہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔