صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی لاہور پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج لاہور آئیں گے جہاں زمان پارک میں آج شام سابق وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ڈاکٹر عارف علوی عمران خان کی خیریت دریافت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کے دوران اہم تعیناتی سے متعلق معاملہ زیر غور آئے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ صدر کا لاہور میں موجود اسپیشل پروٹوکول کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ پروٹوکول افیسر سیکیورٹی کا انتظامات کا جائزہ لیں گے اور پروٹوکول آفیسر صدر پاکستان کی آمد سے قبل تمام انتظام کی نگرانی کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیرکو اگلا چیف آف آرمی سٹاف مقررکرنے کی منظوری دے دی۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حتمی منظوری کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردی گئی۔ صدرمملکت کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن جاری ہوگا۔
دوسری جانب وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوائس صدرعلوی کے پاس چلی گئی ہے۔ اب عمران خان کا امتحان ہے وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتا ہے یا متنازع۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ صدرڈاکٹرعارف علوی کی بھی آزمائش ہے کہ وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کرینگے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پر۔ بحیثیت افواج کےسپریم کمانڈرادارے کو سیاسی تنازعات سےمحفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔