پاکستان کے دفاعی پیداوار کے شعبے میں ترقی کی صلاحیت موجود ہے، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاعی پیداوار کے شعبے میں ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، واہ کا دورہ کیا ہے جس دوران صدر مملکت کو پاکستان کی دفاعی ضروریات پورا کرنے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے کردار پر بریفنگ پیش کی گئی۔

اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان کی دفاعی ضروریات پورا کرنے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کے کردار کو سراہا اور افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی ایجسنسیز کی ضروریات پورا کرنے میں فیکٹریز کے کردار کی تعریف بھی کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں کارکردگی اور پیداوار میں اضافے کیلئے تحقیق و ترقی اور جدت لانے کی ضرورت ہے اور جدید اور اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اپنا کر اور انسانی وسائل کی استعداد میں مسلسل اضافے سے اس صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ منڈیوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے سپلائی چین شعبے کی کارکردگی میں اضافہ ضروری ہے جبکہ پاکستانی دفاعی مصنوعات اعلیٰ معیار کی حامل، موثر، مُختلف حالات میں قابل اعتماد اور کم قیمت ہیں۔

اسکے علاوہ صدر مملکت نے آرڈیننس فیکٹریز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا جہاں اُنہیں پیداواری عمل پر بریفنگ دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں