عمران خان کی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی پر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کو مبارکباد

عمران خان نے آزاد کمشیر کے بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی پر پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعظم سردار الیاس کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تہنیتی پیغام دیا ہے۔

عمران خان نے بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی پر وزیراعظم آزاد کشمیر اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانبدار الیکشن کمیشن کے باوجود بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کو کامیابی ملی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے 7 اضلاع میں دو مراحل میں بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں جن میں اب تک موصولہ نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف دیگر سیاسی جماعتوں سے آگے ہے۔
عمران خان کی جانب سے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اب تک کے موصولہ غیر سرکاری نتائج کا چارٹ بھی پوسٹ کیا گیا ہے جس کے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 440 نشستیں حاصل کرکے سب سے آگے ہے جب کہ دوسرے نمبر پر کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ آزاد امیدوار ہیں اور مجموعی طور پر 370 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

کامیابی کی اس فہرست میں پاکستان پیپلز پارٹی 311 نشستیں حاصل کرکے تیسرے نمبر پر براجمان ہے جب کہ وزیراعظم پاکستان کی جماعت مسلم لیگ ن نے 262 نشستیں حاصل کی ہیں۔ یہاں سے دیگر مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں نے 101 نشستیں حاصل کر رکھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں