عمران خان ہمارے محسن ہیں، ان کا فیصلہ اٹل ہوگا: مونس الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ملاقات نہ ہونے کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مونس الٰہی سے وی لاگرز نے وزیراعلی ہاؤس پنجاب میں ملاقات کی، اس موقع پر مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان جو کہیں گے وہ ہو گا، یہ اٹل ہے، الیکشن کے مطالبے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، موجودہ سیاسی صورتحال میں الیکشن ہی واحد حل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے مونس الٰہی کا کہنا تھا کچھ لوگ شاید نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ ساتھ چلیں لیکن ہم مستقبل میں تحریک انصاف کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مونس الٰہی کا کہنا تھا والد چوہدری پرویز الٰہی عمران خان کے ساتھ دیرپا چلنا چاہتے ہیں، پرویز الٰہی، حسین الٰہی اور میں مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مونس الٰہی کا کہنا تھا چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کا رابطہ بحال ہوا ہے لیکن میری ماموں شجاعت حسین سے اس دن سے ملاقات نہیں ہوئی جس دن اسمبلی سے ملاقات کے لیے روانہ ہوا تھا۔

مونس الٰہی کا کہان تھا کبھی کوئی ایسا عمل نہیں کیا جس سے عمران خان کی سیاست اور عزت پر فرق آئے، عمران خان ہمارے محسن ہیں اور ہمارا خاندان محسن کش نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں