بلوچستان: آواران میں آئی ای ڈی دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی

بلوچستان کے علاقے آواران میں واقع بازار کے شاپنگ مال میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
آواران پولیس تھانے کے محرر علی اکبر کے مطابق ابتدائی معلومات اور تحقیقات کے مطابق دھماکا آواران بازار میں واقع شاپنگ مال میں ہوا، دھماکا آئی ای ڈی کا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

پولیس افسر نے مزید بتایا کہ دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال آواران منتقل کیا گیا۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم بچوں او ر خاتون سمیت دیگر شہریوں کو دہشت کردی کا نشانہ بنایا، صوبے کے عوام بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت و وحشت کی فضا پیدا کرنے والے دہشت گرد صوبے کے دشمن ہیں، دہشت گرد عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جاۓ گا۔

وزیراعلی بلوچستان نے آواران میں سیکیورٹی اقدامات مزید موثر بنانے اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات دینے کی ہدایت کی جائیں۔
واضح رہے کہ 30 نومبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے کیے گئے خود کش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ متعدد اہلکار اور شہری زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں