عارف علوی نے بھی اعتراف کرلیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے: شیری رحمان

اسلام آباد: وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان نے کہا ہے کہ تاخیر سے ہی لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کرلیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے۔

ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ عارف علوی کا بیان عمران خان کےخلاف چارج شیٹ ہے، عمران خان آج کل سابق آرمی چیف پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہے ہیں اور ان کے صدر کہہ رہے ہیں کہ سابق آرمی چیف نے ہی سینیٹ اور عام انتخابات میں ان کی مدد کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تاخیر سے ہی لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کرلیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے، پی ٹی آئی کو اس پر وضاحت دینی چاہیے، بلاول بھٹو نے پہلے دن ہی اسمبلی فلور پر کہا تھا کہ یہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک طرف اسٹیبلشمنٹ پرالزام تراشی کررہے ہیں اور دوسری طرف انہیں سیاسی، انتظامی کردار اداکرنےکاکہہ رہے ہیں، وہ اداروں کو سیاسی اور انتظامی معاملات میں مداخلت پر اکسارہے ہیں، انہیں چاہیے کہ اداروں کو اپنے سیاسی بیانیےکا حصہ بنانے سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں