نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ، بابر اعظم نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شاندار فارم کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے اپنی اس عمدہ کارکردگی کی بدولت نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی کی بدولت عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچنے والے بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔
آج نصف سنچری کا اسکور عبور کرنے کے ساتھ ہی قومی ٹیم کے کپتان نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا اور ایک سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے چوکا لگا کر نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری مکمل کی جو ان کی اس سال انٹرنیشنل کرکٹ میں 50رنز یا اس سے زائد کا 25واں اسکور ہے اور وہ ایک سال میں سب سے 50 سے زائد اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ سابق آسٹریلین بلے باز رکی پونٹنگ کے پاس تھا جنہوں نے 2005 میں ایک سال میں 24 نصف سنچریاں یا اس سے زائد اسکور کیا تھا۔

صرف یہی نہیں بلکہ اس اننگز کے دوران بابر پاکستان کی جانب سے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان اس سال تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 2500 سے زائد رنز اسکور کر چکے ہیں جو پاکستان کا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل ایک سال میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا ریکارڈ محمد یوسف کے پاس تھا جنہوں نے 2005 میں 2435 رنز اسکور کیے تھے۔

اس کے علاوہ رواں سال بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

صرف ٹیسٹ کرکٹ ہی نہیں بلکہ کھیل کے دیگر دو فارمیٹس میں بھی قومی ٹیم کے کپتان کی فارم شاندار رہی ہے۔

بابر نے اس سال ٹی20 کرکٹ میں 735 جبکہ 9 ون ڈے میچوں میں 679 رنز اسکور کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں