لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ کل سے مہنگائی، بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سینیٹ اراکین کا اجلاس ہوا اور پیر کو سینیٹ اراکین اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کریں گے۔ جس عمارت میں اعظم سواتی کو رکھا گیا ہے اس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے لوگوں کو چاہئے کہ وہ باہر نکلیں اور 3 ہفتوں کے بعد عمران خان بھی اس تحریک کو جوائن کریں گے۔ ابہم دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے اور حکومت کے گھر جانے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
فواد چودھری نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت جاری ہے لیکن ہم کسی بھی قسم کی ٹیکنوکریٹ حکومت کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کے مسائل کا واحد حل انتخابات ہیں اور انتخابات پر فوکس کیا جائے۔ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) عوام کے سامنے جانے کی جرات کرے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک میں مارشل لا لگوانا چاہتے ہیں لیکن یہ عمران خان کی وجہ سے نہیں لگا اور یہ چاہتے ہیں پاکستان میں انتخابات نہ ہوں چاہے ٹیکنو کریٹ حکومت بن جائے اور اگر ٹیکنوکریٹ آئے تو وہ معاملات کو نہیں سنبھال سکیں گے۔