چین میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر امریکا نے چین پر سفری پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا ہے جبکہ جاپان، اٹلی اور بھارت نے چین سے آنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا اسکریننگ لازمی قرار دے دی ہے۔
اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چین میں اس وقت کورونا کے کیسز بڑی تعداد میں سامنے آرہے ہیں، اس صورتحال پر متعدد ممالک نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چین میں سامنے آنے والے کورونا کے نئے ویریئنٹس کے اپنے ملک میں پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی حکام نے کہا کہ وہ چین سے آنے والے مسافروں پر سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بھارت، جاپان، ملائیشیا اور اٹلی نے چین سے آنے والے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹنگ لازمی کردی ہے۔
چین نے معیشت کو درپیش چیلنجز اور شدید احتجاج کے بعد اپنی ’زیرو کووڈ پالیسی‘ تبدیل کرتے ہوئے کورونا کی روک تھام کے لیے عائد سخت پابندیوں میں نرمی کردی تھی جس کے بعد سے کورونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ وانگ وین بِن نے کہا کہ ’اس وقت چین میں کورونا وبا کی صورتحال مجموعی طور پر قابو میں ہے‘، انہوں نے مغربی ممالک اور میڈیا پر صوتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چین میں کورونا کیسز کے اضافے کے حوالے سے مغربی میڈیا کی رپورٹنگ کو مکمل طور پر متعصب قرار دیا تھا۔