سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو کراچی میں درج مقدمات میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
شہباز گل کے خلاف قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے سے متعلق کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔
شہباز گل کے وکلا کا کہنا تھا کہ سندھ میں درج مقدمات کالعدم قرار دینے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جب تک درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا، پولیس کو شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
شبہاز گل کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، عدالت نے پولیس اور پراسیکیوشن سے شہباز گل کے خلاف کراچی میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی ہیں، میرے بیان سے متعلق مقدمہ لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہو چکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں کہا کہ صغرا بائی کیس کی روشنی میں ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے لہذا کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست فوری منظور کرتے ہوئے پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری سے روکتے ہوئے کہا کہ شہباز گل کو کراچی میں درج تین مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے اور عدالت نے آئی جی سندھ و دیگر کو 12 جنوری کے لیے نوٹسز جاری کردیے۔