اللہ ایسی نوبت نہ لائے کہ پرویز الٰہی ہمارے قریب آئیں: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ اللہ ایسی نوبت نہ لائے کہ پرویز الٰہی ہمارے قریب آئیں۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز کو پارٹی کا آرگنائزر لگانا اچھی بات ہے جب کہ نواز شریف کی واپسی کسی چیز سے مشروط نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاور شیئرنگ فارمولے کاکوئی علم نہیں، الیکشن وقت پر ہی ہوں گے پنجاب حکومت کے پاس ووٹ پورے ہیں تو اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لے رہی، میرے خیال میں اسمبلی کے اندر ہمارے بے شمار بندے موجود ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اصلیت سامنے آنے پرلوگ مایوس ہورہے ہیں، لوگ اپنے لیے نئی پارٹیاں اور نئی پناہ گاہیں ڈھونڈ رہے ہیں کیونکہ جب کسی پارٹی کی مقبولیت کا گراف گرتا ہے تو لوگ نئی پارٹیوں میں جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ایسی نوبت نہ لائے کہ پرویز الٰہی ہمارے قریب آئیں البتہ پنجاب میں تبدیلی ضرور ہوگی، عمران خان کے مبینہ ڈاکو کو فارغ تو ہونا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں