توہین الیکشن کمیشن کیس : عمران خان کو گرفتار کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم ‌دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی اور محفوظ فیصلہ سنادیا، تین جنوری کو کمیشن نے یہ محفوظ کیا تھا۔

فیصلے میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کرکے الیکشن کمیشن نے عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ پی ٹی آئی کی ان کی حاضری سے استثنا کی تمام درخواستیں خارج کی جاتی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان ، اسد عمر اود فواد چوہدری کو 17جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا ضمانت کے لئے پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے ہوں گے۔

یاد رہے گذشتہ سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری میں سے کوئی پیش نہ ہوا تھا ، جس پر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں