سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری دس ارب ڈالر تک بڑھانے پرغور کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر غور شروع کردیا۔
سعودی صحافی فہیم الحامد نےسعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں بتایا سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پرغورکی ہدایت کردی۔
سعودی صحافی کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاری دس ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کی ہدایت کی گئی ، جبکہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈپازٹ پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر غور کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز دورہ سعودی عرب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی تھی۔
سرمائی کیمپ کےروایتی عرب خیمے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال کیا اور آرمی چیف بننے پر مبارک باد دی۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کومزیدمضبوط بنانےپر تبادلہ خیال ہوا تھا جبکہ دفاعی اور فوجی تعاون مستحکم کرنےپر اتفاق کیا گیا تھا۔
خیال رہے پیر کو جنیوا کانفرنس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا تھا کہ جنیوا میں ایک دن تک جاری رہنے والی ‘انٹرنیشنل کانفرنس آن کلائمیٹ ریسیلینٹ پاکستان’ کے پہلے پلینری میں کُل 8.57 بلین ڈالر کے وعدوں کے ساتھ پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ .
وزیر اطلاعات نے ایک علیحدہ ٹویٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب نے 1 بلین ڈالر اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے بھی 1 بلین ڈالر دینے کا وعدہ کیا۔