نیپال کے پوکھرا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کھٹمنڈو سے آنے والا طیارہ اتوار کو لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا جس سے طیارے میں آگ لگ گئی اور جہاز میں سوار 72 مسافر جان کی بازی ہار گئے۔
جہاز کے ان بدقسمت مسافروں میں سے ایک بھارتی شہری سونو جیسوال تھا جو حادثے کے آخری لمحات میں فیس بک پر لائیو تھا جس کے بعد طیارہ تباہ ہوگیا لیکن سونو کے موبائل سے بنی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا نے سونو جیسوال سے متعلق بتایا کہ سونو کے ہاں 6 ماہ قبل دو بیٹیوں کے بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے بعد وہ اب کھٹمنڈو کے ‘پشوپتیناتھ مندر’ پوجا کرنے گیا تھا۔
سونو کا تعلق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی پور سے تھا جو اپنے تین دوستوں کے ہمراہ 10 جنوری کو کھٹمنڈو گیا تھا۔
سونو کے رشتے داروں نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ اس کی دو بیٹیاں تھیں، اس نے منت مانی تھی کہ اگر بیٹا ہوا تو وہ کھٹمنڈو کے پشوپتیناتھ جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونو کی اہلیہ اور دونوں بیٹیاں تاحال اس سانحے سے لاعلم ہیں، انہیں اب تک یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کا شوہر اب اس دنیا میں نہیں رہا۔