پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے دائر درخواست میں گورنر پنجاب کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں گورنر کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان کرنےکی ہدایت کی استدعا کی گئی ہے۔
اسد عمر کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمہوری نظام کے تسلسل کے لیے گورنر انتخابات کی تاریخ دینے کا پابند ہے، گورنر پنجاب نے ابھی تک اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کی اور تاریخ مقرر نہیں کی، گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کا الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنا آئینی اسکیم کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، انتخابات کی تاریخ دینے میں تاخیر سے الیکشن کمیشن کو انتخابی انتظامات میں دشواری ہو گی۔