معروف شاعر، ادیب و ڈرامہ نویس امجداسلام امجد انتقال کرگئے

معروف شاعر ، ادیب، ڈرامہ و کالم نگار امجداسلام امجد 78 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔

امجد اسلام امجد کے اہل خانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا ، ان کی نمازجنازہ آج بعد از نمازعشاء ڈیفنس مسجد میں ادا کی جائے گی ۔

امجد اسلام امجد 4 اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہوئے ، انہوں نے 1964 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے(اردو) پاس کیا اور درس وتدریس سے منسلک ہوگئے ، اگست 1975 میں امجد اسلام امجد کو پنجاب آرٹ کونسل کا ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔

انہوں نے ’اردو سائنس بورڈ‘ اور ’چلڈرن لائبریری کمپلیکس‘ سمیت متعدد سرکاری اداروں میں سرکردہ عہدوں پر ذمے داریاں نبھائیں ، ریڈیو پاکستان سے بطور ڈرامہ نگار چند سال وابستہ رہنے کے بعد امجد اسلام امجد نے پی ٹی وی کے لیے کئی سیریلز لکھیں جن میں برزخ ، عکس ، ساتواں در، فشار، ذراپھر سے کہنا (شعری مجموعے)، ’وارث‘، ’دہلیز‘(ڈرامے)، آنکھوں میں تیرے سپنے‘(گیت) ، ’شہردرشہر‘(سفرنامہ)، ’پھریوں ہوا‘ ،’سمندر‘، ’رات‘، ’وقت‘،’اپنے لوگ‘،’یہیں کہیں ‘ شامل ہیں۔

امجد اسلام امجد نے شاعر، ڈرامہ نگار اور نقاد کی حیثیت سے شہرت حاصل کی، امجداسلام امجد کا شعری مجموعہ برزخ اورجدیدعربی نظموں کےتراجم عکس کےنام سے شائع ہوئے مزید برآں افریقی شعراکی نظموں کا ترجمہ کالے لوگوں کی روشن نظمیں کےنام سےشائع ہوا۔

علاوہ ازیں تنقیدی مضامین کی ایک کتاب ’تاثرات‘ بھی ان کی تصنیف کردہ ہے۔

امجد اسلام امجد کی نظم و نثر میں 40 سے زیادہ کتابیں زیورِ طبع سے آراستہ ہو چکی ہیں جبکہ وہ اپنی ادبی خدمات کے بدلے میں ’صدارتی تمغۂ حسن کارکردگی‘ اور ’ستارہ امتیاز‘ کے علاوہ پانچ مرتبہ ٹیلی وژن کے بہترین رائٹر، 16 گریجویٹ ایوارڈ اور دیگر متعدد ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔

امجد اسلام امجد کے انتقال پر وزیراعظم ، صدر سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت عارف علوی نے معروف شاعر، ادیب اور ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

صدر مملکت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں امجد اسلام امجد کی شاعری کے ساتھ پیغام میں لکھا کہ ہمارے عظیم شاعر ، ڈرامہ نگار انتقال کرگئے ہیں ۔

Amjad Islam Amjad our great playwriter, dramatist & poet has passed away.
إنا لله وإنا إليه راجعون
وہ اپنے بارے میں کیا خوب کہ گئے کہ :

اگر کبھی میری یاد آئے
تو چاند راتوں کی نرم دلگیر روشنی میں
کسی ستارے کو دیکھ لینا،
گریز کرتی ہوا کی لہروں پہ ہاتھ رکھنا،

— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) February 10, 2023
وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے امجد اسلام امجد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، وزیراعظم نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ آج معروف شاعر اور دانشور امجد اسلام امجد کی وفات کی صورت میں اردو ادب کا ایک عظیم دور ختم ہو گیا۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے معروف شاعر و ادیب امجد اسلام امجد کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے انکے خاندان سے تعزیت کی ہے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ مرحوم امجد اسلام امجد اپنے فن میں یکتا تھے، ان کی مثال مشکل ہے ، انہوں نے ڈرامہ نویسی کو نئی جہت سے روشناس کرایا، امجد کی شاعری مداحوں کے دلوں میں ان کو ہمیشہ زندہ رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امجد اسلام امجد اپنی منفرد شاعری کے باعث پاکستان کی پہچان تھے، امجد اسلام امجد کے انتقال سے اردو ادب کا ایک روشن دور ختم ہو گیا ہے۔

وزارت اطلاعات ونشریات

وزارت اطلاعات و نشریات کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ’انہیں اپنی خوبصورت شاعری کی بدولت ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں