’پاکستان ڈیفالٹ نہیں کریگا، معاشی مسائل سے نکلنے کی حکمت عملی ہے‘

وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشاہ نے کہا ہےکہ پاکستان کے پاس معاشی مسائل سے نکلنے کی حکمت عملی ہے لہٰذا پاکستان نے ڈیفالٹ کیا نہ کرے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرے گا اور اب تک کوئی ایسی ذمہ داری نہیں جو پاکستان نے پوری نہ کی، آئی ایم ایف سے بات چیت حتمی مراحل میں ہے جو مثبت انداز میں مکمل ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈیفالٹ کیا اور نہ کرے گا لہٰذا پاکستانی عوام دیوالیہ ہونے کے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں، پاکستان نے آئی ایم ایف کے کہنے پر تمام پیشگی اقدامات کرلیے ہیں، پارلیمنٹ نے 170 ارب روپے کا منی بجٹ پاس کرلیا جس کے نوٹیفکیشن بھی جاری ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ امیر طبقے کو حاصل سبسڈیز ختم کی جارہی ہیں، زیادہ بجلی اورگیس کا استعمال کرنے والوں کے لیے ٹیرف بڑھایا گیا ہے، بجلی اور گیس کی سبسڈی صرف غریب طبقات کے لیے ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی مشکلات کی ایک وجہ بین الاقوامی حالات بھی ہیں لیکن پاکستان کے پاس معاشی مسائل سے نکلنے کی حکمت عملی ہے، ملک میں بہت جلد معاشی استحکام بحال ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں