حکومت نے بجلی صارفین سے مؤخر ادائیگیوں کی وصولی کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی حکومت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جون جولائی 2022 کے مؤخرکردہ بقایاجات کی وصولی کی درخواست دائرکی ہے جس پر سماعت 2 مارچ کو ہوگی۔
حکومت کی جانب سے بجلی صارفین سے بقایاجات آئندہ 8 ماہ میں وصول کرنے کی درخواست کی گئی ہے جس سے صارفین کیلئے بجلی14 روپے24 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے جب کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور زرعی صارفین پر بھی ہوگا۔
اس کے علاوہ 200 یونٹ والے پروٹیکٹڈ صارفین سے 10 روپے34 پیسے فی یونٹ، 200 سے 300 یونٹ والے نان پروٹیکٹڈ صارفین سے 14 روپے24 پیسے فی یونٹ اور زرعی صارفین سے 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔
کے الیکٹرک کے 200 یونٹ والے صارفین کیلئے 9 روپے97 پیسے فی یونٹ، 200 سے 300 یونٹ والے صارفین کیلئے 13 روپے87 پیسے فی یونٹ جب کہ کے الیکٹرک کے زرعی صارفین کیلئے بجلی9 روپے90 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے درخواست کی ہےکہ مؤخر کردہ وصولیاں انہی مقررہ مہینوں میں ہی وصول کی جائیں۔