ترکیے میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، 14 افراد جاں بحق

ترکیے میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 14 افراد جاں بحق اور سیلابی ریلوں میں بہہ کر متعدد افراد لاپتا ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیے کے زلزلہ متاثرہ علاقوں ادیامان اور شانلی عرفہ میں منگل کی رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔

سیلاب سے مختلف حادثات میں عارضی پناہ گاہوں میں مقیم 12افراد سانلی عرفہ اور ایک سالہ بچے سمیت دو افراد ادیامان میں جاں بحق ہوئے، دونوں علاقوں میں سیلابی ریلے میں متعدد افراد اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔
حکام نے ادیامان اور سانلی عرفہ میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ان علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے 7.8 کی شدت کے زلزلے میں 50 ہزار سے زیادہ افراد جان سے گئے جب کہ لاکھوں زخمی اور دیگر افراد بے گھر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں