زمان پارک میں پولیس اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےکارکنوں کے درمیان جھڑپوں میں پی ٹی آئی کارکنان کے ہاتھوں پولیس کی گاڑیاں اور سرکاری سامان جلانے کی رپورٹ سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے 3 واٹرکیننز اور پولیس کی 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، ایک بس کوجزوی نقصان پہنچایا گیا، واٹر ٹینکرکو مکمل طور پر جلا دیا گیا، 3 واٹر کیننز کا ساڑھے 58 لاکھ روپےکا نقصان ہوا، 42لاکھ 50 ہزار مالیت کا واٹرٹینکر مکمل طور پر جلادیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ تمام گاڑیوں کا1کروڑ 10لاکھ 90ہزار روپےکا نقصان ہوا، ٹریفک سیکٹر شادمان میں 8 موٹر سائیکلیں جلادی گئیں، ایک 125سی سی، 2 ڈھائی سوسی سی بائیکس جلادی گئیں، موٹر سائیکلوں کی مالیت23 لاکھ روپے تھی، وائرلیس سیٹس اور کمیونیکیشن سسٹم کو 35 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا، کیمرے،کمپیوٹر سسٹم اور چھتریوں کی مد میں 11 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول بم کی وجہ سے لگنے والی آگ سے روزنامچےکا 3 سال کا ریکارڈ جل گیا، ٹکٹنگ کارجسٹر، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں سے لیےگئے شناختی کارڈزبھی جل گئے، رجسٹریشن بکس اور لائسنس بھی نذر آتش ہوگئے، جولائی 2020 سے دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ 50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا ہے۔
لاہور پولیس نے رپورٹ آئی جی پنجاب کو بھجوا دی ہے۔