پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات اور آگے بڑھنے کیلئے انڈر ٹیکنگ دینے کو تیار ہیں۔
اسد عمر نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ چیف جسٹس اہم بات کررہے ہیں کہ تمام جماعتیں ایک لائحہ عمل پر اتفاق رائے کریں،چیف جسٹس کی یہ مثبت بات ہے کہ وہ سب کو اکھٹا کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ آج سپریم کورٹ میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ وہ وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سےکم سے کم وقت میں انتخابات کا پوچھ کر بتائیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی کسی کو فائدہ دینے کیلئے نہیں ہے، گزشتہ روز شفاف الیکشن کیلئے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کا کہا لیکن کسی فریق نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائی۔
اس پر پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ وہ عدالت کو مکمل یقین دہانی کرانے کیلئے تیار ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یقین دہانی کس کی طرف سے ہے، نام بتائیں؟
پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری یقین دہانی کرائیں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کون یقین دہانی کرائے گا یہ بتایا جائے۔