کراچی میں پی ٹی سی ایل کا زیرزمین کیبل چوری کرنے والا گروہ گرفتار

کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے سائٹ میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے زیر زمین کیبل چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو جنید شیخ کے مطابق پی ٹی سی ایل نمائندوں کی اطلاع پر ان کی ٹیم نے سیمنز اسٹیٹ ایوینو روڈ سائٹ میں کارروائی کرتے ہوئے زیر زمین کیبل کاٹنے والے 4 ملزمان پر مشتمل گروہ کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق سلیم خان ولد مثل خان، عنایت خان ولد نیک محمد، نظام اللہ ولد خان شیر اور یاسین خان ولدنور قلم خان کے قبضے سے چوری شدہ پی ٹی سی ایل کیبل کے 26 ٹکڑے، کیبل کاٹنے والے آلات اور منی مزدا ٹرک برآمد کیا گیا۔

گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ پی ٹی سی ایل کی کیبل کاٹ کر اپنے ہمراہ لائے منی ٹرک میں لوڈ کر کے لے جاتے اور قبل ازیں بھی کراچی میں اس طرح کی وارداتیں کر چکے ہیں۔

گرفتار ملزم عنایت ولد نیک محمد کے خلاف پہلے بھی تھانہ سعید آباد میں ایک مقدمہ درج ہے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری و انکشافات کے متعلق کراچی کے تھانہ جات کو اطلاع کر دی گئی ہے اور ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں