دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والی چینی کمپنی نے مقامی باشندوں کے لئے ملازمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈیم منصوبے کے مرکزی کنٹریکٹر پاور چائنہ نے گلگت بلتستان میں مقامی باشندوں کیلئے 190 ملازمتوں کا اعلان کیا ہے،دس شعبوں میں دی جانے والی ملازمتوں میں کمپنی کو طویل مدتی بنیادوں پر 53 پیشہ ور تعمیراتی عملے، 41 سٹیل فکسرز، 25 میسن، 24 ویلڈر،29 مزدوروں،7ٹیکنیشنز، پانچ سکیفولڈر، تین الیکٹریشن، دو ڈرلرز اور ایک ڈرائیور کی ضرورت ہے۔
مقامی علاقے سے تعلق رکھنے والے خواہشمند افراد 11 اپریل تک درخواست دے سکتے ہیں،پاورچائنہ باقاعدگی سے سائٹ ایریا کے لوگوں کو مستقل بنیادوں پر ٹریننگ اور ملازمتیں فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں کمپنی نے پراجیکٹ سائٹس پر 208 ہنر مند اور تکنیکی پیشہ ور افراد کو ملازمتیں فراہم کی تھیں، کمپنی نہ صرف ملازمت دیتی ہے بلکہ ملازمت کے ساتھ ساتھ تربیت بھی دی جاتی ہے۔
دیا میربھاشا ڈیم دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی تکمیل کی مدت 2028-29ء ہے، پاورچائنہ،فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر منصوبے کا ایک حصہ MW-1 ڈیم تعمیر کر رہا ہے۔