نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات میں اپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادیا۔
نیب نے انکوائری کے خلاف عمران خان کی درخواست خارج کرنےکی استدعا کرتے ہوئے کہا ہےکہ عمران خان کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں، انہوں نے ’کلین ہینڈز‘ کے ساتھ ہائیکورٹ سےرجوع نہیں کیا، ان کو سوال نامہ بھیجا مگر سوالات کا جواب نہیں دیا گیا۔
نیب نے اپنے جواب میں کہا ہےکہ عمران خان طلبی کے نوٹس پرنیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے، ان کو قانون کے مطابق ہی نوٹس بھیجا گیا سوالات بھی پوچھے لیکن عمران خان نےجو جواب بھیجا اسے جواب نہیں کہا جاسکتا، وہ جان بوجھ کرمعاملے کو التوا میں ڈالنا چاہتے ہیں۔
نیب نے کہا ہےکہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے 58 تحائف رکھے، انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے 14 کروڑ سے زائد کے تحائف 3 کروڑ 80 لاکھ میں رکھ لیے، انہوں نے معلومات دینے کے بجائے ٹال مٹول والا جواب بھیجا لہٰذا عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔