14 مئی کو الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہےکہ 14 مئی کو الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں، اسمبلیوں کو اپنی مدت پوری کرنے دیں، شرائط سامنے رکھ کر مذاکرات نہیں کیے جاتے۔

جیو نیوز کے پروگرام ‘جیو پاکستان’ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تحفظات کے باوجود نواز شریف نے بات چیت کی اجازت دی،مذاکرات میں ن لیگ کی تجاویز تھیں کہ آئی ایم ایف معاہدہ فائنل ہونا چاہیے اور بجٹ نگران حکومت کے بجائے موجودہ حکومت کو پیش کرنے دیا جائے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اگر یہ دونوں باتیں مانی جاتی ہیں تو پھر ہفتہ بھر پہلے اسمبلیوں کو توڑنےکی کیا ضرورت ہے؟

دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرکا کہنا ہےکہ اسمبلیاں توڑنےکا آخری موقع ضائع کیا تو ملک کا نقصان ہوگا، حکومتی پارٹیاں بھی خسارہ اٹھائیں گی، عمران خان نے موقع دیا ہےکہ ایک ہی دن میں پورے ملک میں انتخابات کروالیں۔

اسد عمر نے حکومت کو مشورہ دیا کہ اجلاس میں آکر شاہ محمود قریشی کو پرچہ تھمائیں جس میں لکھا ہو کہ حکومت مان گئی ہے، یہ پرچہ چل کر عدالت میں جمع کرائیں اور ملک میں الیکشن کرائیں۔

خیال رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کا تیسرا راؤنڈ آج رات 9 بجے ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں