ہنگامہ آرائی پرتشدد واقعات، لاہور کے سرکاری خزانے کو 7 ارب کا نقصان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے کشیدگی اور موجوہ سیاسی صورتحال کے باعث لاہور کے سرکاری خزانے کو 4 روز میں 7 ارب کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

ہنگاموں اور امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث لاہور سمیت صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈی سی دفاتر میں روزانہ کی سرکاری کارروائیاں تعطل کا شکار ہیں، 9 ڈویژنل کمشنرز اور 36اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے روز مرہ کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں، لاہور کے کمشنر آفس اور ڈی سی آفس میں افسران کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے، کمشنر و ڈی سی آفس میں انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باعث ہزاروں سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ چار روز میں 5 ہزار رجسٹریوں کا اجراء بھی تعطل کا شکار ہے، 5 ہزار سے زائد آن لائن فردوں کا اجراء نہیں ہو سکا، سینکڑوں اسلحہ لائسنسوں کی فیس کی ادائیگی بھی روک دی گئی ہے جس کے باعث سینکڑوں اسلحہ لائسنس جاری نہیں ہو سکے، ڈینگی اور پولیو مہم بھی سست روی کا شکار ہے جس کے باعث افسران میں تشویش پائی جارہی ہے۔

کاشتکاروں کو آن لائن گندم خریداری کی ادائیگیاں کرنے میں بھی دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر میں سینکڑوں تعمیرات کے نقشوں کی آن لائن فیس کی ادائیگیاں بھی تعطل کا شکار ہیں، چار روز سے تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی معطل ہو کر رہ گیا ہے، چار روز میں 216 پارکنگ سائیٹس سے صرف 20 فیصد ریونیو جنریٹ ہو سکا ہے، شہر کے ریونیو اور ٹیکس کی مد میں لاہور کو 7 ارب کے خسارہ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ شہر میں حالات بہتر ہونے کی صورت میں کام جلد شروع ہو جائیں گے، کمشنر و ڈی سی لاہور ہدایات کے مطابق ضروری میٹنگز صرف کیمپ آفس میں کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں