کراچی: رینجرز چوکی کو آگ لگانے والے باپ بیٹے کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں 9 مئی کو شارع فیصل پر ہنگامہ آرائی اور رینجرز کی چوکی جلانے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے کیس میں گرفتار باپ بیٹے کو عدالت میں پیش کیا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے 9 مئی کو شارع فیصل پر رینجرز چوکی کو آگ لگائی تھی جن کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے جب کہ ملزمان کو وائرل ویڈیو کی مدد سے اتوار کو گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے باپ بیٹے کو دو روز کے جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا۔