حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 9 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2024-23 کے بجٹ کے سلسلے میں سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون کو طلب کیا گیا ہے اور قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 3 جون کو ہوگا جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے جس میں نئے مالی سال کے لیے بجٹ اہداف کو حتمی شکل دی جائے گی، دونوں اجلاسوں میں صوبائی حکام بھی شرکت کریں گے، اس دوران نئے بجٹ کے لیے قومی ترقیاتی پروگرام کا جائزہ لیا جائےگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کی مد میں 700 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں تاہم وزیر اعظم وفاقی ترقیاتی پروگرام ایک ہزار ارب روپے تک بڑھا سکتے ہیں
وزارت خزانہ کا کہنا ہےکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 14 ہزار 600 ارب سے زیادہ رکھنے کی تجویز ہے اور بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کمیٹیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ آئندہ سال کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف 3 فیصد سے زیادہ رکھنے کی تجویز ہے جب کہ موجودہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 0.29 فیصد ہے۔