پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاپی گیس پائپ لائن کیلئے مشترکہ عمل درآمد منصوبے پر دستخط

پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاپی گیس پائپ لائن کے لیے مشترکہ عمل درآمد منصوبے پر دستخط ہوگئے۔

منصوبے پر دستخط کی تقریب میں وزیرمملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کے ساتھ وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق منصوبے پر پاکستان کی طرف سے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور ترکمانستان کی طرف سے وزیر مملکت اور ترکمن گیس کے سربراہ مکسات بابائیف نے دستخط کیے۔

اس معاہدے پر ترکمانستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے اختتام پر دستخط کیے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ دنیا بھر میں توانائی بحران ایک بڑا چیلنج ہے ، پاکستان توانائی بحران ختم کرنے کے لیے پالیسیوں پر کام کر رہا ہے۔

خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق تاپی منصوبے کا مقصد ترکمانستان میں گالکنیش گیس فیلڈ سے قدرتی گیس کو افغانستان کے راستے پاکستان پہنچانا ہے۔
30 سال کی مدت میں یہ پائپ لائن ہر سال 33 بلین کیوبک میٹر قدرتی گیس لے جائے گی۔ سپلائی کا ذریعہ ترکمانستان کے مشرقی علاقے میں گالکنیش گیس فیلڈ ہے جبکہ پاکستان کا آف ٹیک 1.3 بی سی ایف ڈی ہوگا جس کی پائپ لائن 56 انچ کی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں