اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات اسمگلنگ کیخلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
اے این ایف کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان تمام کارروائیوں میں 54 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہیں جبکہ 5 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) کے مطابق موٹروے اسلام آباد کے قریب کارروائی میں گاڑی سے 21 کلو 600 گرام افیون اور 25 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی ہے ساتھ ہی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ پاک افغان بارڈر سے 3 ملزمان کو پکڑا گیا ہے جس سے 4 کلو 800 گرام مشکوک مواد برآمد ہوا جبکہ خیبر کے علاقے غیر آباد سے 1 کلو 500 گرام آئس برآمد کی گئی۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ کمالپور انٹر چینج فیصل آباد کے قریب 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس کی گاڑی سے 9 کلو 600 گرام افیون اور 6 کلو چرس برآمد ہوا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ کے علاقے مور کپورہ سے ملزم کو گرفتار کیا گیا جس سے 1 کلو ہیروئن برآمد ہوا جبکہ جی پی او لاہور میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 42 گرام افیون برآمد کی گئی ہے۔
اے این ایف حکام نے بتایا کہ تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔