پنجاب حکومت نے جڑانوالہ واقعے کی فوری طور پر اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دے دیا، رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق سازش کے تحت امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس حوالے سے امن کمیٹی کو فوری طور پر متحرک کیا گیا ہے، امن کمیٹی اور تمام جماعتوں کے ارکان نے واقعے کی مذمت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی جماعت اقلیتی ملکیت کو نقصان پہنچانے کے حق میں نہیں ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد لوگوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور انتظامیہ نے رینجرز کو طلب کر لیا ہے۔
نگران وزیراعظم کا جڑانوالہ واقعے کا نوٹس
ترجمان نے بتایا کہ کمشنر، آر پی او، ڈی سی اور سی پی او فیصل آباد سمیت تمام نفری موقع پر موجود ہے۔ حکومتِ پنجاب اور اس کے تمام ادارے متحرک ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
اس صورتحال کے پیشِ ںطر جڑانوالہ میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق جڑانوالہ میں آج تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔