دنیا بھر میں 27 اکتوبر کو مقبوضہ وادی میں بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی فوجی قبضے کو 76 سال مکمل ہو گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی افواج نے 5 لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا، 35لاکھ سے زائد کشمیری ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے۔
کشمیر میڈیا سروس نے جنوری 1989 سے 27 اکتوبر 2023 تک اعداد و شمار جاری کئے، جس میں بتایا گیا کہ مقبوضہ وادی میں اب تک 96 ہزار 262 افراد شہید ہوئے ہیں۔
27 اکتوبر، جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
جعلی مقابلوں میں 7 ہزار 316 افراد بھارتی بربریت کا نشانہ بنے جبکہ 1989سے اب تک ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد کشمیری حراست میں لیے گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد عمارتوں اور گھروں کو تباہ کیا گیا،مقبوضہ وادی میں چادر اور چار دیواری کی حرمت کو بھی پامال کرنے کے واقعات سامنے آئے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قابض فوج کی بربریت سے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد بچے یتیم ہوئے، مقبوضہ وادی میں قابض فوج کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہے۔