غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن کو بند کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف سیکڑوں مظاہرین شہر کے سب سے مصروف ٹرانسپورٹ حب نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن پر جمع ہوئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مظاہرہ گروپ جیوش وائس فار پیس (جے وی پی) کی جانب سے کیا گیا جس دوران مظاہرین نےکالے رنگ کی ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں جن پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور ‘ہمارے نام پر نہیں’ بھی لکھا ہوا تھا۔
مظاہرین نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کو بند کیا جائےجب کہ مظاہرین نے فلسطین کی آزادی کیلئے پلے کارڈز بھی ہاتھ میں اٹھائے ہوئے تھے اور غزہ پر حملوں کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
اس دوران مظاہرین نے مزید ہتھیار نہیں، مزید جنگ نہیں کے بھرپور نعرے بھی لگائے اور نیویارک کے گرینڈ سینٹرل اسٹیشن کو بند کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹ کے نظام میں خلل پر میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کی جانب سے اسٹیشن کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا اور مسافروں کو متبادل راستہ فراہم کیا گیا جب کہ اسٹیشن بند کرنے پر پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار بھی کیا۔