محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اورآزادکشمیر میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ژا لہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے،اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں دھند رہنے کا امکان ہے،ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔
ملتان کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش جبکہ ساہیوال اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ڈسکہ اورقریبی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
مری میں موسم سرما کی پہلی ہلکی برفباری ہوئی جس کے بعد موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔ ہوائوں نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا، دوسری جانب مری انتظامیہ نے سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ساہیوال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، تلہ گنگ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، وادی لیپہ میں برفباری سے ٹریفک کا نظام متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے بعد موسم سرد ہوگیا۔صوبائی دارلحکومت پشاورسمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں ہلکی اورموسلادھار بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے،بعض علاقوں میں بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
پشاورسمیت چارسدہ،نوشہرہ،دیر چترال میں بارش ہوئی۔ چترال میں گزشتہ شب سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ درہ لواری، مڈکلشٹ، بگوشٹ، اور کالاش وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری کی اطلاعات ہیں۔
اْدھر اَپرچترال کے درہ شندور، کھوت، تریچ کے بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر بھی برف باری جاری ہے۔چترال میں بارش اور برف باری کے بعد موسم سرد ہونے سے آگ جلانے کے لیے استعمال ہونے والی لکڑی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جلانے والی لکڑی لوئر چترال میں 850 سے 900 روپے من اور اپر چترال میں 1200 روپے من تک فروخت ہو رہی ہے۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور اور اس کے نواحی علاقوں میں بارش ہوئی،صوبے کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر بھی ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔