بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدت میں نکاح کا کیس خارج کرنےکے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدت میں نکاح کا کیس خارج کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہےکہ عدت میں نکاح کا کیس نہیں بنتا، ٹرائل کورٹ کا بھی کیس سننے کا دائرہ اختیار نہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ سابق شوہر خاور مانیکا نے مذموم مقاصد کے لیے بدنیتی کے تحت شکایت درج کرائی، جھوٹے اور من گھڑت دستاویزات کی بنیاد پر عدت میں نکاح کا جھوٹا الزام لگایا گیا، سابق شوہر کے مطابق اس نے مجھے 14نومبر2017 کو طلاق دی، خاور مانیکا نے 15 اپریل 2017 کو تین مرتبہ زبانی طلاق دی تھی جب کہ اگست 2017 میں اپنی والدہ کےگھر منتقل ہوئی، یکم جنوری 2018 کو بانی پی ٹی آئی سے شادی تک والدہ کے گھرقیام کیا۔
بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ کا 11 جنوری کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، عدت کے دوران نکاح کے کیس کو خارج کرنے کا حکم دیا جائے اور درخواست پر فیصلے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے۔