علی امین گنڈاپور نے گورنر فیصل کریم کنڈی کا سامان باہر پھینکوا دیا
وزیراعلیٰ اور گورنر کی جنگ کے پی ہاؤس اسلام آباد تک بھی پہنچ گئی، گورنر فیصل کریم کنڈی پر کے پی ہاؤس اسلام آباد آنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ امین گنڈاپور نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے کے پی ہاؤس انیکسی خالی کرا لی، کے پی ہاؤس اسلام آباد سے وزیراعلیٰ نے گورنر کی انیکسی کا سامان باہر نکلوا کر پھینکوا دیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا تین روز سے کے پی ہاؤس اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں اور صوبے کے تمام تر معاملات کے پی ہاؤس اسلام آباد سے چلا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ذاتیات پر آ گئے اور گورنر فیصل کریم کنڈی کا سامان بار پھینکوا دیا۔
اس حوالے سے گورنر فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو دعوت دی ہے کہ گورنر ہاؤس آجائیں ، اگر گورنر ہاؤس نہیں آتے تو مجھے وزیراعلیٰ ہاؤس بلا لیں، کوئی کسی پر پابندی عائد نہیں کرسکتا۔
گورنرخیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سیاست الگ لیکن صوبے کا مقدمہ وفاق کے ساتھ لڑوں گااور سیاسی جنگ میں کبھی نہیں پڑوں گا، گورنر ہاؤس سے کبھی کوئی سازش نہیں ہوگی، آرٹیکل 121 اور 122 میں سب کے اختیارات واضح ہیں، صوبے کے عوام کو متاثر کرنے کے بجائے صوبے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ، جو بھی گورنرہاؤس آنا چاہتا ہے آسکتا ہے۔