ڈیرہ اسماعیل خان سے فوجی افسر اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد اغوا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح افراد نے فوج کے اعلی افسر اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت چار افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

خیبرپختونخوا کےضلع ڈی آئی خان کے شہر کلاچی میں پاکستانی فوج کے اعلی افسر کے اغوا کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق اغوا کا واقعہ 28 اگست کو تھانہ کلاچی کی حدود میں منگل کی شام 6 بجے کے قریب پیش آیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق’آرمی افسر اپنے بھائی اسسٹنٹ کمشنر کنٹونمنٹ بورڈ اور نادرا افسر کے ہمراہ والد کی فاتحہ خوانی کے لیے مسجد میں موجود تھے جب مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر آرمی افسر کو دو بھائیوں اور بھانجے سمیت اغوا کر لیا۔‘
پولیس کے مطابق اغواکاروں کی تعداد 15 سے 20 تھی جو موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ابھی تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔
ڈی آئی خان پولیس کے ایک افسر کے مطابق ابھی تک کوئی معلومات نہیں کہ اغواکار مغویوں کو کہاں لے گئے ہیں۔ ’تاہم اغواکاروں کی تلاش کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔‘
یاد رہے کہ 2 اگست کو ڈی آئی خان روڈ پر ججز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں