پی ٹی آئی کے رہنما شوکت یوسفزئی نے حکومت کو سنجیدہ مذاکرات نہ کرنے کی صورت میں سول نافرمانی کی وارننگ دے دی۔
ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت نے سنجیدہ مذاکرات نہ کیے تو 14 دسمبر سے سول نافرمانی کا اعلان ہوگا، پی ٹی آئی نے احتجاج اور مذاکرات کیلئے حکمت عملی وضع کرلی ہے، نتیجہ خیز مذاکرات تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کاکہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں ہیں، چاہتے ہیں حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے یوم شہدا پروگرام کی تاريخ13 دسمبر سے بڑھا کر 15 دسمبر کردی ہے، شہدا اور زخمیوں کا پورا ڈیٹا قوم کے سامنے لایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے کارکنوں کی ہلاکت کے حوالے سے متضاد دعوے کیے جارہے ہیں۔
اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور اپوزیشن لیڈر ایوب خان کی جانب سے 12 کارکنوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی۔ْ