اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلسطینیوں کی بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کر دی۔
جمعہ کو جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیرخارجہ اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کی۔
اجلاس میں رکن ممالک نے عرب منصوبے کے تحت غزہ کی تعمیر نو کی حمایت کی۔
سربراہ او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ کا کہنا تھا کہ عرب لیگ کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، فلسطینی عوام کی جبراً نقل مکانی جیسے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔
پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے: وزیر خارجہ اسحاق ڈار
اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں پر مظالم بند کرے، پاکستان فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عرب ممالک کا قاہرہ میں غیرمعمولی اجلاس ہوا تھا جس میں مصر نے ٹرمپ کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک ایسا منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا جو فلسطینیوں کے حقوق کا احترام کرے اور انہیں ان کی سرزمین پر برقرار رکھےگا۔
عرب منصوبہ
مصر کے غزہ کے حوالے سے 53 ارب ڈالر کے مجوزہ 5 سالہ منصوبے میں لاکھوں مکانات، تجارتی بندرگاہ اور ائیرپورٹ کی تعمیر شامل ہے جبکہ فلسطینی علاقوں میں انتخابات اور دو ریاستی حل کی کوششیں بھی منصوبے کا حصہ ہے۔
اجلاس کے اختتام پر عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اعلان کیا تھا کہ مصر کا منصوبہ اب ایک عرب منصوبہ بن چکا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ منصوبہ پیش کیا تھا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نکال کر دوسرے ممالک بھیجا جائے جس کے بعد غزہ کے ساحل کے ساتھ ‘ریویرا ‘ کی تعمیر کیا جائے۔