شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کا سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہار اطمینان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا جمعہ کو یوم تشکر منانے کا اعلان

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد منسٹر انکلیو میں اپنی رہائش گاہ پر شہباز شریف کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل پورے ملک کے کونے، کونے میں یوم تشکر منایا جائے گا، یوم تحفظ آئین پاکستان کو یوم تشکرمیں تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ قوم کی فتح ہے، عدلیہ نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے بڑا اطیمنان بخش فیصلہ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، جمہوریت آئین اور عوام کی فتح ہے، عدلیہ قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے، کل یوم احتجاج نہیں یوم تشکر ہوگا، پاکستان کے استحکام کے لئے دعا کریں گے، اللہ پاک پاکستان کو معاشی اور دیگر مشکلات سے نکالے۔

شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مولانا کی باتوں کی پوری تائید کرتا ہوں، اللہ نے 22 کروڑ عوام کی دعائیں قبول کیں، عدالت نے ایسا فیصلہ دیا آئین اور پاکستان بچ گیا، عدلیہ نے اپنے فیصلے سے چار چاند لگائے، عدالت نے پارلیمان کو مضبوط کیا ہے، یہ رمضان میں عوام نے بہت بڑا معرکہ سرکیا ہے، غربت، مہنگائی کے خلاف ہم مل کر لڑیں گے، اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

شہباز شریف نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو تشریف لا رہے ہیں، قوم یوم نجات منائے گی، ہم جعلی نہیں اصلی سرپرائز دیں گے۔

مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹ کیا کہ شکر الحمدُ للّٰہ ربّ العالمین، ‏قوم کو آئین کی سر بلندی بہت بہت مبارک، آئین توڑنے والوں کا کام ہمیشہ کے لیے تمام ہوا، اللّہ پاکستان کو چمکتا دمکتا رکھے، ساتھ ہی انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ‏وزیرِ اعظم شہباز شریف انشاءاللّہ بھی لکھا۔

بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، جئے بھٹو، جئے عوام، پاکستان زندہ باد۔

حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مبارک ہو، آئین و قانون کی فتح ہو گئی ہے، تاریخی دن ہے، آج آئین کی سر بلندی کا دن ہے، آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو شکست فاش ہو گئی ہے، سپریم کورٹ نے ہر جمہوریت پسند اور آئین کی بالادستی کا خواب دیکھنے والوں کے دل جیت لئے ہیں، جیسے قومی اسمبلی بحال ہوئی ویسے ہی پنجاب اسمبلی میں بھی آئین کے ساتھ کھیلنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں